بھٹکل:31؍ مئی (ایس اؤ نیوز)آشاکارکنان اورمحکمہ صحت عامہ کی جونئیر خاتون اور معاونین کی ٹیم گھر گھر پہنچ کر کووڈ-19کی علامتوں میں مبتلا افراد کی جانچ کرتےہوئے عوام میں شعور بیدار کرنے والی مہم کا اترکنڑا ضلع میں آغاز ہورہاہے۔ جس کے لئے ضلع کے سبھی عوام سے تعاون کرنے کی اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ملئی مہیلن نےاپیل کی ہے۔
ڈی سی دفتر ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ جب بھی آشا کارکنان گھر پر پہنچیں تو کسی بات کو بھی چھپا کر نہ رکھیں بلکہ علاج کے لئےعوام خود آگے آئیں، ڈاکٹروں کو دکھائے بغیر گھر پر ہی خود کاعلاج نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران طویل عرصہ سے بیماری میں مبتلا اور معمرحضرات کا پلس آکسی میٹر کے تعاون سے وہیں پر ریپیڈانٹجن ٹسٹ کیا جائے گا جس کا نتیجہ 10منٹ میں ہی مل جاتا ہے۔
ڈی سی نے بتایا کہ ضلع میں صحت یاب ہونےو الوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے اور کووڈ متاثرین کی تعداد میں کمی ہورہی ہے اسی کے ساتھ مرنے کی شرح میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ کورونا سے ہلاک ہونےکی تعداد کو صفر تک لایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ ضلع بھر میں 23اسپتالوں کو کووڈ اسپتال کے طورپر منتقل کیاگیا ہے جہاں 1351بیڈ کووڈ کے مریضوں کے لئے مختص ہیں جس میں سے 811آکسیجن بیڈ ہیں۔ اسی طرح 16کووڈ کئیر سنٹر بنائے گئےہیں جس میں 1030بیڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ڈی سی نے بتایا کہ اترکنڑا ضلع میں ریاستی کووڈ وار روم کی ہدایات پر ان کی رہنمائی میں مرکزیت پرمنحصر کووڈ مینجمنٹ سسٹم شروع کیاگیا ہے۔ جہاں سنٹرلائزڈ بیڈ مینجمنٹ کا انتظام ہوگا۔ جس کے ذریعے کورونا کے مریضوں کے لئے بیڈ ریزروکرنےکا موقع افسران کو دیا جائے گا۔ لائن لسٹ کے تحت پوزیٹیو معاملات میں سے جس کسی کو بھی بیڈ کی ضرورت ہوگی وہ ضلع نگراں کار افسر ریزرو کریں گے۔ عوام کو بھی جو کووڈ کی علامتوں میں مبتلا ہیں وہ کووڈ وار روم کے ذریعے اپنانام اور موبائیل نمبر درج کریں گے تو او ٹی پی آئے گا اس کو استعمال کرتےہوئے مریض اپنا بیڈ حاصل کرسکتاہے اس کے بعد ڈی ایس اؤ اس کو منظوری دیں گے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر مریض متعلقہ بیڈ پر نہیں جائےگاتو ریزرویشن کینسل کردیا جائے گا ۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ سنٹرلائزڈ بیڈ مینجمنٹ سسٹم کا مطلب یہی ہےکہ جو بھی کورونا کامریض سرکاری یا پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہوگا یا ڈسچارج ہوگا وہ بائیومیٹرک کےذریعے ہوگا۔ جس کے تحت مریض کی مکمل تفصیلات ہمیں حاصل ہونگی۔ اسی طرح آکسیجن ، بیڈ، مریضوں کےمتعلق بھی معلومات حاصل ہوگی۔
ضلع ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے بتایا کہ کووڈ گائیڈلائنس کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ وصول کیاجارہاہے ان پر کہیں بھی لاٹھی نہیں برسائی جارہی ہے۔ عوام بھی ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون کررہی ہے جس پر محکمہ پولس عوام کا شکریہ اداکرتاہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی کرشنا مورتی ایچ کے بھی موجود تھے۔